لاہور : پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ دہشتگردی کیخلا ف لفظی جنگ لڑنے سے کچھ نہیں ہوگا۔بھارت پاکستان میں دہشتگردی کر رہا ہے اور ہمارے حکمران اس سے دوستی نبھانے میں لگے ہوئے ہیں۔
نجی چینل کے پروگرام میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے طاہر القادری کا کہنا تھا کہ قوم کو اصل دہشتگردوں سے متعلق کیوں نہیں بتایا جاتا ؟ایجنسیوں کی اصل معلومات حکومت کے علاوہ کسی کے پاس نہیں ہے ،ایجنسیاں حکومت کو دہشتگردانہ کارروائیوں سے متعلق تما م تر معلومات فراہم کرتی ہیں اوران کے پاس بھارت کیخلاف تمام تر شواہد موجود ہیں لیکن یہ پھر بھی ان کیخلاف آواز نہیں اٹھاتے جس کی وجہ یہ ہے کہ شرفا نے جو اقتدار حاصل کیا ہے اس کے پیچھے اصل مدد بھارت نے کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کیخلاف آواز اٹھاتے ہوئے ان یاری آڑے آجاتی ہے جو انہیں ایسا کر نے سے روکتی ہے لیکن ایسی کونسی یاری ہے جوملک سے بھی زیادہ عزیز ہے؟ بھارت میں جب بھی کوئی کارروائی ہوتی ہے تو براہ راست پاکستان پر الزام تراشی کرتاہے لیکن جب ہمارے ملک میں کوئی واقعہ رونما ہوجائے توہماری ایجنسیاں اس کیخلاف آواز اٹھاتی ہیں لیکن حکومت کی جانب سے پڑوسی ملک کے حوالے سے متعلق کوئی بیان نہیں آتا۔