نئی دہلی: بھارت میں اڑی حملے کے الزام میں پکڑے گئے دو پاکستانی نوجوانوں کی دہشت گردوں کے ساتھ سہولت کاری کے شواہد نہ ملنے پر بھارتی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے کیس بند کر دیا۔ جلد ہی دونوں نوجوانوں کو وزارت خارجہ کے ذریعے پاکستان بھیج دیا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں اڑی حملے کے الزام میں پکڑے جانیوالے دو پاکستانی نوجوانوں کے دہشت گردوں کیساتھ سہولت کاری کے شواہد نہ ملنے پر بھارتی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے تحقیقاتی رپورٹ بند کر دی ہے۔
فیصل حسین اور احسن خورشید نامی پاکستانی نوجوانوں کو جذبہ خیر سگالی کے تحت جلد پاکستان بھیج دیا جائے گا۔ وزارت خارجہ پاکستانی نوجوانوں کی واپسی کا طریقہ کار تیار کرے گی۔ واضح رہے کہ پاکستانی نوجوانوں پر اڑی واقعہ میں دہشت گردوں کی رہنمائی کا الزام عائد کیا گیا تھا۔