بھارتی ائیرٹیل نےٹیلی نار کمیونیکشن پرائیوٹ لمیٹڈ کو خریدنے کا فیصلہ کرلیا

12:55 PM, 26 Feb, 2017

اسلام آباد:  بھارت کے بڑے ٹیلی کام نیٹ ورک آپریٹر بھارتی ائیرٹیل نے ناروے کی کمپنی ٹیلی نار کمیونیکشن پرائیوٹ لمیٹڈ کو خریدنے کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی اخبار ‘ٹائمز آف انڈیا’ کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ائیر ٹیل، ٹیلی نار کے بھارت کی 7 ریاستوں میں قائم یونٹس کو خریدے گی جن میں آندھرا پردیش، بہار، مہاراشٹر، گجرات، اترپردیش (شرقی)، اتر پردیش (غربی) اور آسام شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ٹیلی نار انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ بھارت کی 7 ریاستوں میں کام کررہی ہے جبکہ ائیر ٹیل کا کاروبار گذشتہ سال کے آخر سے خسارے کا شکار ہے۔

ٹیلی نار گروپ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سیو برکے کے مطابق بھارتی مارکیٹ سے خود کو نکالنا آسان فیصلہ نہیں تھا لیکن انہوں نے اس معاملے کا انتہائی باریک بینی سے جائزہ لیا۔

سی ای او کا مزید کہنا تھا کہ چونکہ ٹیلی نار کا بھارت میں اکیلے کاروبار کرنا ممکن نہیں رہا تھا لہذا بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ضرورت کو محسوس کیا گیا۔

خیال رہے بھارتی ائیر ٹیل سنگا پور کی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی ہے جس کے حصص کے نرخ میں مذکورہ خریداری کے اعلان کے بعد 5.5 فیصد اضافہ ہوجائے گا۔

مزیدخبریں