ممبئی: بھارت کے سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ 92 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ انہیں طبعیت کی خرابی کے بعد دہلی کے آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ زندگی کی آخری سانسیں لیں۔
ڈاکٹر منموہن سنگھ نے 2004 سے 2014 تک بھارت کے وزیراعظم کے طور پر خدمات انجام دیں اور ان کی قیادت میں بھارت نے کئی اہم اقتصادی اصلاحات کیں۔ ان کا شمار بھارت کے مؤثر ترین وزرائے اعظم میں کیا جاتا ہے۔ وزیر خزانہ اور فنانس سیکریٹری کے طور پر بھی انہوں نے بھارتی معیشت کو عالمی سطح پر مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
منموہن سنگھ کی وفات کے بعد بھارت بھر میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔ سیاسی رہنماؤں اور عوام نے ان کی خدمات کو سراہا اور ان کی وفات کو ایک عظیم نقصان قرار دیا ہے۔ ان کی اقتصادی پالیسیوں اور رہنمائی کو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔