سٹیٹ بینک کے ذخائر میں کمی، پاکستانی ترسیلات زر میں اضافہ

سٹیٹ بینک کے ذخائر میں کمی، پاکستانی ترسیلات زر میں اضافہ

کراچی :سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق، ملک کے مرکزی زرمبادلہ کے ذخائر میں 22 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز کی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد ان کی مجموعی مقدار 11 ارب 85 کروڑ 35 لاکھ ڈالرز ہو گئی ہے۔ کمرشل بینکوں کے ذخائر 4 ارب 51 کروڑ 8 لاکھ ڈالرز ہیں، جس سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کا مجموعی حجم 16 ارب 37 کروڑ 15 لاکھ ڈالرز تک پہنچا ہے۔

دوسری جانب، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 55 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق، اس دوران یو اے ای سے 2.953 ارب ڈالرز پاکستان بھیجے گئے، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 55 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال کی اسی مدت میں 1.909 ارب ڈالرز کی ترسیلات زر وصول ہوئی تھیں۔

نومبر 2024 میں یو اے ای سے ترسیلات زر کا حجم 619 ملین ڈالرز تک پہنچا، جو گزشتہ سال نومبر کے مقابلے میں 50 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال نومبر میں 412 ملین ڈالرز کی ترسیلات زر پاکستان آئیں تھی۔ تاہم، اکتوبر کے مقابلے میں نومبر میں ترسیلات زر میں معمولی کمی دیکھنے کو ملی، کیونکہ اکتوبر میں یہ حجم 621 ملین ڈالرز ریکارڈ کیا گیا تھا، جو نومبر میں کم ہو کر 619 ملین ڈالر ہوگیا۔