راولپنڈی: خیبرپختونخوا کے تین مختلف اضلاع میں سکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بنیاد پر کی جانے والی کارروائیوں کے دوران 13 دہشت گرد ہلاک اور 8 زخمی ہوئے، جبکہ ایک فائرنگ کے شدید تبادلے میں میجر محمد اویس شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر بنوں کے علاقے جانی خیل میں کارروائی کی گئی جس میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ اسی طرح شمالی وزیرستان میں کی گئی ایک اور کارروائی میں پانچ دہشت گرد ہلاک اور 8 زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، میجر محمد اویس نے دشمن کے ساتھ بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ ان کا تعلق ضلع ناروال سے تھا اور وہ گزشتہ 10 سالوں سے ملکی دفاع میں اپنی خدمات انجام دے رہے تھے۔ میجر اویس اپنے پیچھے اہلیہ، بیٹے، والدین اور دیگر اہل خانہ کو سوگوار چھوڑ گئے۔
تیسرا آپریشن جنوبی وزیرستان میں کیا گیا، جس میں 6 دہشت گرد ہلاک اور 8 زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں اور سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں