صاحبزادہ حامد رضا کا مذاکرات کو 31 جنوری تک مکمل کرنے کا عزم، 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی تحقیقات کا مطالبہ

08:19 PM, 26 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

راولپنڈی: سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ حکومت سے مذاکرات کا عمل 31 جنوری 2025 تک منطقی انجام تک پہنچانے کی خواہش رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کی تحقیقات کے لیے سپریم کورٹ کے سینیئر ججز پر مشتمل جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے۔

پی ٹی آئی کے بانی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کے ساتھ ظلم اور تشدد کیا گیا، ان کے بنیادی حقوق کو پامال کیا گیا اور پارلیمنٹ کی حرمت کو نقصان پہنچایا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ترسیلات زر کے حوالے سے عمران خان کی کال جاری رہے گی اور اس بات پر زور دیا کہ پی ٹی آئی مذاکرات کو 31 جنوری 2025 تک کامیابی کی طرف لے جائے گی۔صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ عمران خان نے اپنے اوپر ہونے والے قاتلانہ حملے، ناروا سلوک کے باوجود تمام لوگوں کو معاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور کارکنوں کو فسطائیت کا مقابلہ کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔


صاحبزادہ حامد رضا نے 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے اور سی سی ٹی وی فوٹیجز عوام کے سامنے لانے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی اور اس کے بعد تمام سیاسی اسیران کی رہائی ایجنڈے کا حصہ ہے اور عمران خان کی رہائی کسی ڈیل کا نتیجہ نہیں ہوگی۔ وہ عدالتوں میں اپنے مقدمات کا سامنا کریں گے اور اس کے بعد جیل سے باہر آئیں گے۔

مزیدخبریں