9 مئی کے منصوبہ سازوں کو بھی سزا ملنی چاہیے:عطا اللہ تارڑ

06:26 PM, 26 Dec, 2024

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات، عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آج فوجی عدالتوں نے ملک دشمنوں کے خواب کو پورا کرنے والے مجرموں کو سزائیں سنائی ہیں، اور 9 مئی کے منصوبہ سازوں کو بھی سزا ملنی چاہیے۔


عطا اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ان سزاؤں میں وہ افراد بھی شامل ہیں جنہوں نے کور کمانڈر کے گھر میں توڑ پھوڑ کی، وردی کی بے حرمتی کی، اہلکاروں پر تشدد کیا، اور دفاعی تنصیبات کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب لوگ وہ ہیں جنہوں نے ملک دشمنوں کے منصوبوں کو عملی شکل دی۔


وفاقی وزیر نے کہا کہ کیس کی دو سالہ کارروائی کے دوران انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے گئے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج کے فیصلوں کے بعد کوئی شخص دفاعی تنصیبات پر حملہ کرنے یا ملک دشمنوں کے خواب کو پورا کرنے کی جرات نہیں کرے گا۔


عطا اللہ تارڑ نے واضح کیا کہ فوجی عدالتوں میں تمام ملزمان کو فیئر ٹرائل کا حق دیا گیا تھا، ان کو وکیل فراہم کیے گئے اور فیملی تک رسائی دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سزائیں پانے والوں کے پاس اپیل کا حق بھی موجود ہے۔


وفاقی وزیر نے کہا کہ جرم اتنا بڑا تھا کہ اس سے بچنا ممکن نہیں تھا، تمام فوٹیجز اور تکنیکی شواہد موجود ہیں جن سے مجرموں کے جرائم کی وضاحت ہوتی ہے۔


عطا اللہ تارڑ نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ 9 مئی کے منصوبہ سازوں کو بھی کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان تمام افراد کی فون لوکیشنز اور موقع پر موجودگی کی تصاویر بھی موجود ہیں، اور ان شواہد کی بنیاد پر ان کے خلاف مزید کارروائی کی جانی چاہیے۔


وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے خود اعتراف کیا ہے کہ پاکستان کی معیشت بہتر ہو رہی ہے، اور یہ پاکستان کی معاشی ترقی کی ایک بڑی گواہی ہے۔
 

مزیدخبریں