حکومت نے معیشت کو بچایا، ترقی کی رفتار ابھی تک سست ہے: بانی پی ٹی آئی 

03:10 PM, 26 Dec, 2024

نیوویب ڈیسک

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے تسلیم کیا ہے کہ موجودہ حکومت نے دیوالیہ ہوتی معیشت کو سنبھال لیا ہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ معیشت میں استحکام آیا ہے لیکن اس میں ترقی ابھی تک مطلوبہ سطح تک نہیں پہنچی۔

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکومت نے معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ معیشت میں فوری طور پر نمایاں ترقی ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معیشت کا استحکام تو آیا ہے، مگر ابھی بھی ترقی کی رفتار میں کمی ہے۔

صحافی کے سوال پر کہ کیا آپ یہ تسلیم کرتے ہیں کہ حکومت نے معیشت کو استحکام دیا ہے، عمران خان نے جواب دیا: "ہاں، معیشت مستحکم ہوئی ہے اور دیوالیہ ہونے سے بچ گئی ہے، لیکن ترقی کی رفتار ابھی تک مطلوبہ سطح پر نہیں ہے۔"

دوسری جانب، پاکستان تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچی، جہاں کمیٹی اراکین بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے دوران مذاکرات کے پہلے دور میں ہونے والی گفتگو پر بریفنگ دیں گے۔

مزیدخبریں