باکو : آذربائیجان کا ایک مسافر طیارہ قازقستان کے ایئرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 39 افراد ہلاک اور 28 زخمی ہوگئے۔ طیارہ باکو سے گروزنی (چیچنیا) جا رہا تھا اور اس میں عملے سمیت 67 افراد سوار تھے، جن میں آذربائیجان، قازقستان، کرغزستان اور روس کے شہری شامل تھے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ ایک پرندے کے ٹکرانے کے بعد طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے دوران پیش آیا۔ آذربائیجان نے طیارہ حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔ اس حادثے پر روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امدادی سرگرمیوں میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ادھر پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اس سانحے پر دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان غم کی اس گھڑی میں آذربائیجان کے ساتھ ہے۔