لیول پلیئنگ فیلڈ: احکامات پر عمل نہ ہونے پر پی ٹی آئی کی الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست

02:38 PM, 26 Dec, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: عام انتخابات کے دوران لیول پلیئنگ فیلڈ  کے عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے پر چیئرمین پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی ۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سیکرٹری الیکشن کمیشن کو ہدایت دی جائے کہ وہ لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم نہ کرنے والے ذمہ داران کے خلاف کاروائی کرے، تحریکِ انصاف کے امیدواروں، کارکنوں اور قائدین کی گرفتاری سے روکا جائے۔ 

درخواست میں کہا گیا کہ 22 دسمبر کو سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کی داد رسی کرے، سپریم کورٹ 22 دسمبر کے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن کو ہدایت دی جائے کہ وہ لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم نہ کرنے والے ذمہ داران کے خلاف کاروائی کرے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ تحریکِ انصاف کے امیدواروں، کارکنوں اور قائدین کی گرفتاری سے روکا جائے، پی ٹی آئی کے امیدواروں، تجویز کنندہ، تائید کنندہ کو انتخابی عمل کے دوران ہراساں کرنے سے روکا جائے۔عام انتخابات کے دوران پی ٹی آئی کو انتخابی مہم چلانے کے لیے جلسے جلوسوں کی اجازت دی جائے جبکہ تحریکِ انصاف اور ان کے امیدواروں کو الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر مساوی کوریج دی جائے۔

  

درخواست میں چاروں چیف سیکریٹریز، آئی جیز کے علاوہ سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری الیکشن کمیشن کو بھی فریق بناتے ہوئے توہین عدالت کی درخواست پر فوری سماعت کی استدعا کی گئی۔

واضح رہے کہ 22 دسمبر کو سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف  کی لیول پلیئنگ فیلڈ سے متعلق درخواست کو نمٹاتے ہوئے الیکشن کمیشن کو تمام شکایات پر فوری ایکشن لے کر انہیں حل کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔

مزیدخبریں