کراچی، صدر کی موبائل مارکیٹ میں آتشزدگی سے کئی دکانیں خاکستر، کروڑوں کا نقصان

10:48 AM, 26 Dec, 2023

نیوویب ڈیسک

کراچی:کراچی کے علاقے  صدر موبائل مارکیٹ میں دکانوں پرلگنے والی آگ پرمکمل قابو پالیا گیا ، کولنگ کا عمل بھی مکمل ہو گیا۔  آگ  ممکنہ طور پر شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ۔ 

فائر بریگیڈ حکام کےمطابق صدر  کے علاقے شاہ جہاں موبائل مارکیٹ میں لگی آگ پر 10 گاڑیوں کی مدد  سے 5 گھنٹے بعد قابو پا یا گیا، آگ نے کئی دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لیا۔  15 سے 20 دکانیں مکمل  تباہ ہو گئیں جبکہ اطراف کی دکانوں کو معمولی نقصان پہنچا ہے ۔ آگ سے موبائل فون کی متعدد دکانوں کو نقصان پہنچنے سے  دکانوں میں موجود کروڑوں روپے کا مال جل گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ صدر موبائل مارکیٹ میں آگ ممکنہ طور پر شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔  

حکام کے مطابق  خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ رواں سال کراچی شہر میں ایک ہزار 670 آگ لگنے کے حادثات ہوئے ،جس میں 39 افراد اپنی جان سے گئے جبکہ 94 افراد جھلس کر زخمی ہوئے۔ اس سے قبل یہ بھی انکشاف ہوا تھا کہ آئی آئی چندریگر روڈ پر 45  میں سے  29عمارتیں  غیر تسلی بخش  ہیں جن میں  آگ بجھانے کا سامان اور عملہ  بھی موجود نہیں ہے۔  

مزیدخبریں