اسلام آباد: کابینہ ڈویژن نے 2023 میں سرکاری اور اختیاری چھٹیوں کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق آئندہ سال مجموعی طور پر 38 چھٹیاں ہوں گی جن میں سے 16 عام تعطیلات اور 22 اختیاری چھٹیاں ہیں۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ 5 فروری 2023ءکو یومِ کشمیر، 23 مارچ کو یومِ پاکستان، یکم مئی کو یومِ مزدور کی عام تعطیل ہو گی جبکہ 22 تا 24 اپریل عیدالفطر کی 3 چھٹیاں، 29، 30 جون اور یکم جولائی کو عیدالاضحی کی 3 چھٹیاں اور 27 اور 28 جولائی کو عاشورہ محرم کی چھٹیاں ہوں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 14 اگست کو یومِ آزادی اور 28 ستمبر کو عید میلاد النبی ﷺ کی عام تعطیل ہو گی جبکہ 9 نومبر کو یومِ اقبال، 25 دسمبر کو یومِ قائد اعظم اور کرسمس جبکہ 26 دسمبر کو مسیحی ملازمین کیلئے کرسمس کے بعد کی عام تعطیل ہو گی۔
نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ 2023ءکیلئے اسلامی چھٹیاں متوقع تاریخ کے حساب سے طے کی گئی ہیں، چاند کی رویت کے حساب سے چھٹیوں کا الگ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ 16 عام تعطیلات میں سے 2 اتوار کے روز ہوں گی جبکہ 2 جنوری، 22 مارچ اور 3 جولائی کو بینکوں کی چھٹی ہو گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مسلم حکومتی ملازمین کو سال میں ایک سے زیادہ آپشنل چھٹی نہیں ملے گی جبکہ غیر مسلم حکومتی ملازمین کو سال میں 3 سے زائد آپشنل چھٹیاں نہیں ملیں گی۔