کراچی : پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پاک بھارت کرکٹ کا فیصلہ حکومتی سطح پر ہی ہوتا ہے ۔ بھارت جانے کے معاملے پر حکومت نے کہا کہ نہ جاؤ، تو ورلڈ کپ کھیلنے نہیں جائیں گے، ڈپارٹمنٹس کے میچز دیکھنے کوئی نہیں آتا، فینز خود کو شہر اور ریجنز کے نام پر ٹیم سے جوڑتے ہیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ میرے بارے میں غلط اعداد و شمار پی سی بی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے۔جب واپس لاہور جاؤں گا تو اصل حقیقت کیا ہےجاری کروں گا۔ حکومت کی تبدیلی پر مستعفی ہونے کا فیصلہ اچھا تھا، ہر وزیر اعظم کا حق ہے کہ وہ اپنی ٹیم بنائے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی طاقتور حلقوں نے کہا تھا کہ آپ رکے رہیں میں نے اپنے بعد کے چیئرمین کی کارکردگی پر کوئی تبصرہ نہیں کیا لیکن دُکھ ہوتا تھا جب اچھے لوگوں کو میری قربت کی وجہ سے ہٹایا گیا، اسٹیڈیمز کے نام تبدیل کرنے کے حق میں نہیں ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ مینجمنٹ کمیٹی کے پاس معاملات چلانے کے مکمل اختیارات ہیں، اصل ہدف 2014 کے آئین کو بحال کرنا ہے۔ جب ڈپارٹمنٹس اور منتخب باڈی تیار ہو جائے گی تو مینجمنٹ کمیٹی ختم ہو جائے گی، کھلاڑیوں کےلیے آواز اٹھائی گئی تھی جو سن لی گئی۔
انہوں نے کہا کہ مکی آرتھر کے ساتھ ٹیم بنائی تھی، ان کے دور میں ٹیم ٹاپ پر آئی تھی اور ٹیم میں بہت ڈسپلن تھا، پلیئرز محنت کر رہے تھے، بابر اعظم کو سب سے پہلے انہوں نے ہی سپورٹ کیا تھا۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ مکی آرتھر ابھی ڈربی شائر کے ساتھ مصروف ہیں، ہم نے ان سے رابطہ ضرور کیا ہے، ان سے مشورہ اور رائے لی ہے کہ کون سے کوچز ہونے چاہئیں، آٹھ دس دن میں طے ہو گا کہ کوچنگ اسٹاف میں کون ہو گا، سب سے اہم بات یہ ہے کہ پاکستان ٹیم اچھا پرفارم کرے۔
انہوں نے کہا کہ میری تجویز یہ ہو گی کہ ڈپارٹمنٹس مل کر ریجن کی کرکٹ کو سپورٹ کریں، ایشیا کپ کے معاملہ پر اے سی سی میں دیکھیں گے کہ صورت حال کیا ہے، ہم نے ایسا فیصلہ کرنا ہے کہ خود بھی تنہا نہ رہیں۔ جونیئر لیگ کے بارے میں منفی رائے ہی ملی ہیں، جونیئر لیگ کے معاملے پر نظرثانی کریں گے، ویمن لیگ کا آئیڈیا اچھا ہے، اس پر سنجیدگی سے کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ رمیز راجہ کی عزت کرتا ہوں، ان کو کمنٹری سے بالکل نہیں روکا جائے گا، ہم ان کی کمنٹری کی مخالفت نہیں کریں گے۔ بابر اعظم پاکستان کا اسٹار ہے، وہ ہمارے دلوں میں ہے، ان کے بغیر ٹیم کا مزہ نہیں ہو گا، کرکٹ ٹیم کے معاملات کرکٹ کے لوگوں پر چھوڑوں گا، پی ایس ایل میچ کے انعقاد کے لیےحکومت بلوچستان اور کور کمانڈر نے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔