جس نے ملک میں سیاست کرنی ہے اسے ملک میں ہونا چاہیے، نیر حسین بخاری

11:33 PM, 26 Dec, 2021

سکھر: پاکستان پیپلزپارٹی کے جنرل سیکریٹری نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم سے ہمارا کوئی رابطہ نہیں ہے اور جس نے ملک میں سیاست کرنی ہے اسے ملک میں ہونا چاہیے۔

گڑھی خدا بخش روانگی سے قبل ایئرپورٹ پر ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے سابق چیئرمن سینیٹ نیر حسین بخاری نے واضح طور پر کہا کہ پی ڈی ایم کی قیادت کل کے جلسے میں نہیں آ رہی ہے۔ ہماری قیادت کبھی ملک چھوڑ کر نہیں بھاگے گی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں عوام حکومت کی کارکردگی دیکھتی ہے۔

پی پی کے مرکزی رہنما قمر الزماں کائرہ نے اس موقع پر میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ عوام کے حقوق کا ضامن بی بی کا فلسفہ اور نظریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت فیل ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی مطالبہ نہیں کیا کہ میاں صاحب واپس آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب واپس آئیں گے تو ان کی جماعت سمیت اپوزیشن کو طاقت ملے گی۔

اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آصف زرداری نے عوام کی طاقت سے حکومت گرانے کی بات کی اور آئندہ حکومت بھی پیپلزپارٹی کی بنے گی۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پی پی سے تعلق رکھنے والے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے فروری / مارچ میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی درخواست کی ہے۔ عوام موجودہ حکومت سے تنگ آچکے ہیں اور ایسا وقت آگیا ہے کہ لوگوں کو دو وقت کا کھانا نہیں مل رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ملک کو دیوالیہ کر دیا ہے اور اس حکومت کو آنا ہی نہیں چاہیے تھا جبکہ جنوری کے پہلے ہفتے میں سی ای سی کا اجلاس ہو گا۔ ہر سال کی طرح پیپلزپارٹی نے امسال بھی کل جلسہ عام کا اہتمام کیا ہے لیکن طبیعت کی خرابی کے باعث آصف زرداری جلسے میں شرکت نہیں کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آصف زردار ی نے لوگوں کا رحجان دیکھا توعوام کی طاقت کی مدد سے آصف زرداری نے حکومت گرانے کی بات کی اور حکومت بھی پیپلزپارٹی کی بنے گی۔ریسکیو 1122 کی طرح کی سروس پر کام کر رہے ہیں اور بات چیت تو ہر کسی سے ہوتی ہے۔

مزیدخبریں