مسقط: عمان نے غیر ملکیوں کے ملک میں آنے کے لیے کورونا ویکسین کی 2 خوراکیں لازمی قرار دے دیں۔
عمانی خبر ایجنسی کے مطابق کورونا ویکسین کی دو خوراکیں لگوانے والوں کو ہی سلطنت عمان میں داخلے کی اجازت ہو گی۔
کورونا ویکسین لگوانے کی شرط غیرملکیوں پر عائد ہو گی اور 18 سال سے زائد عمرکے غیر ملکیوں کو عمان میں داخلے سے قبل کورونا ویکسین کی 2 خوراکیں لگوانا لازمی ہے۔
اس کے علاوہ عمانی حکام نے جنوبی افریقا، نمیبیا، بوٹسوانا، زمبابوے اور موزمبیق سے مسافروں کی عمان آمد پر لگائی گئی پابندی کو منسوخ کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل متحدہ عرب امارات نے عالمی وبا کورونا وائرس کی نئی قسم او میکرون کے پھیلاو کو روکنے کے لیے چار ممالک پر پابندی عائد کر دی تھی۔
نیشنل ایمرجنسی کرائسس اینڈ ڈیزاسٹرز ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی (این سی ای ایم اے) اور جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی (جی سی اے اے) نے کینیا، تنزانیہ، ایتھوپیا اور نائجیریا سے آنے والی تمام قسم کی فلائٹس آپریشن کو 25 دسمبر سے معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے علاوہ ان ممالک میں 14 روز سے زائد رہنے والے غیر ملکیوں پر یو اے ای آنے پر پابندی ہو گی۔
متحدہ عرب امارات کے شہری، قریبی رشتہ دار، سفارتی مشن، سرکاری وفود اور گولڈن ریزیڈنس ہولڈرز کو اس فیصلے سے خارج کر دیا گیا تھا۔