کوئٹہ: ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی اور پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے نو منتخب صدر قاسم خان سوری نے صوبے میں پارٹی کی نئی تنظیم سازی کا اعلان کر دیا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے قاسم خان سوری کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں پارٹی کی تنظیم سازی کی طرف جائیں گے، کوشش ہوگی کہ پورے بلوچستان میں تنظیم سازی کے لیے جاؤں۔
نو منتخب صدر پی ٹی آئی بلوچستان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ایک ہی ہے، پی ٹی آئی میں سب وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں، سب کو ساتھ لے کر چلیں گے اور میں مرکز میں بلوچستان کی آواز بنوں گا۔ اس ملک میں بہت سے چیلنجز ہیں لیکن وزیراعظم نے جس طرح کووڈ سے نمٹا اسے پوری دنیا میں سراہا گیا، دنیا میں اسلاموفوبیا بھی ایک بڑا مسئلہ ہے، آج ایک عالمی طاقت نے بھی اس پر آواز اٹھائی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سب سے زیادہ این ایچ اے کے کام بلوچستان میں جاری ہیں، بلوچستان میں بہت سے ترقیاتی کام ہو رہےہیں، بلوچستان میں جو علاقے پیچھے رہ گئے تھےان کی ترقی کے لیے کام کریں گے، بلوچستان میں سب سے بڑا 75 ارب روپے کا پیکیج دیاگیا۔
قائد مسلم لیگ ن سے متعلق پوچھے گئے سوال پر قاسم سوری کا کہنا تھا ہم چاہتے ہیں نواز شریف واپس آئیں اور اپنا وقت جیل میں گزاریں جبکہ وزیراعظم نے اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جبکہ آج نواز شریف نشان عبرت بنے ہوئے ہیں۔