سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اڈیالہ جیل سے رہا

سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اڈیالہ جیل سے رہا
کیپشن: Image Source : File Photo

راولپنڈی: ایل این جی کیس میں گرفتار سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔ سابق وزیر کو ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض رہا کیا گیا۔


تفصیلات کے مطابق ،  مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں آج بھی سرخرو کیا اور کل بھی کرے گا۔ میں شکر گزار ہوں نواز شریف اور شہباز شریف کا جنہوں نے مجھ سے کام لیا ہے جبکہ میں میں پاکستان کی عدلیہ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔

خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایل این جی کیس میں مفتاح اسماعیل کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے ن لیگی رہنما کو ایک کروڑ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا تھا۔ 

گزشتہ دنوں ایل این جی کیس میں زیر حراست مفتاح اسماعیل کی درخواست ضمانت سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔ نیب کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ مفتاح اسماعیل کے بیرون ملک فرار ہونے کا خدشہ ہے، گواہوں کو بھی دھمکی دی جا رہی ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ مفتاح اسماعیل کو پابند کرتے ہیں کہ رہائی کے بعد روزانہ تفتیشی کو فون کریں گے، بعد ازاں عدالت نے مفتاح اسماعیل کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔