اسلام آباد : وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ قائد اعظم نے ہمیں خوبصورت پاکستان دیا تھا، پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے قائدین اور رہنماﺅں نے لوٹ مار کر کے اس کی ساکھ کو نقصان پہنچایا تاہم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت پاکستان کو حقیقی معنوں میں قائد کا پاکستان بنانے کیلئے پر عزم ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ ن لیگی رہنما کرپشن کی وجہ سے جیلوں میں ہیں، مسلم لیگ ن کی سیاست اس حد تک کمزور ہو گئی ہے کہ اب ان کے رہنما ضمانتیں ملنے پر بھنگڑے ڈالتے ہیں اور قوم کو تاثر دینے کی کوشش کرتے ہیں جیسے وہ بری ذمہ ہو گئے ہوں۔
زرتاج گل نے کہا کہ رانا ثناءاللہ کا ٹرائل شروع نہیں ہوا، صرف ضمانت ملی ہے، ابھی کیس ختم نہیں ہوا، اے این ایف کے پاس سارے ثبوت موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت عدالتی فیصلوں کا احترام کرتی ہے اور ہر کوئی ضمانت کا حق رکھتا ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ وزیر اعظم ریاست مدینہ کے آرزو مند ہیں، جس کے لئے وہ کوشش کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہم زندگی کے ہر شعبہ میں نوجوانوں کو آگے لے کر آرہے ہیں اپوزیشن کو اس سلسلہ میں ساتھ دینا چاہیے ۔
زرتاج گل نے بلاول بھٹو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لیڈر وہ ہوتا ہے جو خود کو احتساب کیلئے قانون کے سامنے پیش کرے۔