بیجنگ: میڈیا بریفنگ کے دوران چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کا کہنا تھا کہ ون بیلٹ ون روڈ کے تحت تینوں ملکوں میں ڈائیلاگ مفید رہے اور تینوں ممالک کے درمیان ڈائیلاگ اور تعاون قدرتی عمل ہے۔ چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ تینوں ممالک کی سلامتی کی مضبوطی کے لئے اقدامات جاری رہیں گے ۔ چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی جاری رہے گی جب کہ اس حوالے سے تینوں ممالک کے درمیان اتفاق پایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان آپس میں بہتر تعلقات کے لئے اقدامات جاری رکھیں گے اور دونوں ممالک ایسا کوئی قدم نہیں اٹھائیں گے جس سے دونوں کی سلامتی متاثر ہو جب کہ چین دونوں ملکوں کے درمیان بہتر تعلقات سے خوش ہے۔
اس موقع پر چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے طالبان کو بھی مشترکہ امن عمل میں شرکت کی دعوت دی اور کہا کہ دوسری سہ فریقی کانفرنس آئندہ سال کابل میں کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
یاد رہے بیجنگ میں سہ فریقی وزرائے خارجہ کے مشاورتی اجلاس میں پاکستان کی جانب سے وزیر خارجہ خواجہ آصف، افغان وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی اور وانگ ژی نے چین کی نمائندگی کی۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں