اگر آپ کا دل اداس رہتا ہے اور جسم میں تھکاوٹ محسوس ہوتی ہے تو کیا آپ جانتے ہی اس کی وجہ کچھ اور نہیں بلکہ فیس بک ہے۔
ڈنمارک میں کی جانے والی ایک تحقیق کے بعد سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ فیس بک نوجوانوں کی پریشانیوں اور مایوسیوں کی ایک بڑی وجہ ہے، جس کے استعمال میں تبدیلی لاکر وہ پھر سے اپنی کھوئی ہوئی خوشیاں واپس حاصل کر سکتے ہیں۔
یہ تحقیق یونیورسٹی آف کوپن ہیگن کے سائنس دانوں نے کی، جس میں 1905 نوجوانوں کی ذہنی و جسمانی حالت اور فیس بک کے استعمال کے درمیان تعلق کا مطالعہ کیا گیا۔
ماہرین نے نوجوانوں کو دوگروپوں میں تقسیم کیا۔ ایک گروپ مسلسل فیس بک استعمال کرتارہا جبکہ دوسرے کو ایک ہفتے کا وقفہ دیا گیا۔ جن نوجوانوں نے ایک ہفتے کا وقفہ لیا ان کی ذہنی صحت نمایاں طور پر بہتر دیکھی گئی، یہ پہلے سے زیادہ خوش بھی تھے اور جسمانی طور پر زیادہ چاق و چوبند بھی تھے۔
دوسرا گروپ خدشات کے مطابق پریشان اور مایوس پایا گیا۔ وہ اپنی زندگی سے خوش تھے نہ اپنی صحت سے مطمئن تھے۔
ماہرین نے اس تحقیق کی بناءپر تجویز دی ہے کہ آپ فیس بک کا استعمال بھلے ترک نہ کریں لیکن کبھی کبھار کچھ دنوں کا وقفہ ضرور لے لیا کریں۔