پشاور: سابق صدر مملکت اور تحریک انصاف کی مفاہمتی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر عارف علوی خیبرپختونخوا حکومت مین ہونے والے اختلافات ختم کروانے کیلیے متحرک ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی مفاہمتی کمیٹی کے سربراہ عارف علوی نے خیبرپختونخوا کے اختلافات ختم کروانے پر کام شروع کردیا اور انہیں نے مستعفی صوبائی وزیر شکیل خان سے رابطہ کر کے صوبے میں پارٹی اور حکومتی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
شکیل خان نے صدر عارف علوی کی جانب سے رابطہ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اُن سے بات چیت ہوتی رہتی ہے، اب بھی پارٹی امور پر بھی بات ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان سے ملاقات کی کوشش کررہے ہیں ملاقات شیڈول نہیں ہوپارہی۔
واضح رہے کہ شکیل خان کو وزیراعلیٰ نے مبینہ طور پر خرد برد کے الزامات ثابت ہونے پر کابینہ سے ہٹانے کے احکامات جاری کیے تھے جس کے بعد عاطف خان سمیت کئی رہنما شکیل خان کی حمایت میں کھڑے ہوئے تھے اور انہیں نے کرپشن کے الزامات کی تردید کی تھی۔
یاد رہے چند روز پہلے عارف علوی کی سربراہی میں تشکیل دی گئی تھی کمیٹی ایک ہفتے میں پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات کے خاتمے کے لیے اپنی تجاویز دے گی۔ گزشتہ دنوں پی ٹی آئی خیبر پختونخوا میں سابق صوبائی وزیر شکیل خان کو وزارت سے ہٹانے کے معاملے پر پارٹی میں شدید اختلافات سامنے آئے تھے۔