راولپنڈی:بلوچستان میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کی ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 21 دہشتگرد ہلاک، سکیورٹی فورسز کے 14 اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔
پاکستانی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گزشتہ رات بلوچستان میں دہشتگردوں کی متعدد کارروائیوں کو ناکام بنایا۔ اس دوران 21 دہشتگرد ہلاک ہوئے اور سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 14 اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 25 اور 26 اگست کی درمیانی شب دہشت گردوں نے بلوچستان میں متعدد گھناؤنی کارروائیاں کرنے کی کوشش کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق دشمن قوتوں کی ایماء پر کی گئی دہشت گردی کی ان بزدلانہ کارروائیوں کا مقصد خاص طور پر موسیٰ خیل، قلات اور لیبیلہ اضلاع میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر بلوچستان کے پرامن ماحول اور ترقی کو متاثر کرنا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سینی ٹائزیشن آپریشنز کیے جا رہے ہیں، معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والوں، ان گھناؤنی اور بزدلانہ کارروائیوں کے لیے اکسانے والوں، مجرموں، سہولت کاروں اور حوصلہ افزائی کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔