"مجھے ڈر نہیں لگتا"، 102 سالہ خاتون برطانیہ کی معمر ترین سکائی ڈائیور بن گئیں

05:02 PM, 26 Aug, 2024

نیوویب ڈیسک

لندن:انگلینڈ کی  102 سال کی خاتون سکائی ڈائیونگ کرکے برطانیہ کی عمر رسیدہ ترین سکائی ڈائیور بن گئیں۔ انہوں  نے  اپنی سالگرہ پر  سکائی ڈائیونگ کرکے سب کو حیران کردیا۔ 

برطانوی اخبار کے مطابق مینیٹ بیلی نامی عمر رسیدہ خاتون نے اپنی 102 سالگرہ کے دن بیسلز ائیر فیلڈ سے اڑان بھری اور جہاز سے سکائی ڈائیو کیا۔ سکائی ڈائیونگ کے بعد بات چیت کرتے ہوئے بیلی کا کہنا تھا کہ   مجھے ڈر نہیں لگتا تاہم  یہ تھوڑا مشکل تھا، ڈائیونگ کے دوران  سانس رکنے لگی تھی، اور میں اعتراف کرتی ہوں میں نے اپنی آنکھیں بند کر لی تھیں۔ 
مینیٹ بیلی سے قبل برطانیہ کے عمر رسیدہ ترین پیراشوٹیسٹ کا اعزاز  ورڈن ہائیز کے پاس تھا جنہوں نے 2017 میں 101 سال 38 دن کی عمر میں  سکائی ڈائیونگ کی تھی۔

دوسری عالمی جنگ کے دوران مصر میں خواتین کی رائل نیول سروس (Wrens) کے ساتھ خدمات انجام دینے والی بیلی نے چھلانگ لگانے سے پہلے کہا آپ کو ہمیشہ کچھ نیا تلاش کرنا چاہیے۔ میں نے ایک بار ایک چھاتہ بردار سے شادی کی تھی لیکن میں نے خود کبھی  سکائی ڈائیونگ  نہیں کی۔مینیٹ بیلی نے  بیکلس کے اوپر ہوائی جہاز سے چھلانگ لگا دی اور تین خیراتی اداروں کے لیے رقم اکٹھی کی۔ وہ فلاحی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہیں۔

مزیدخبریں