اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے علاقے موسیٰ خیل میں مسافر بس پر دہشتگرد حملے پر شدید غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔وزیراعظم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم بھی دے دیا۔
وزیراعظم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو واقعے کی فوری تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کے ذمہ دار دہشتگردوں کو قرار واقعی سزائیں دی جائیں گی۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں کسی بھی قسم کی دہشتگردی قطعاً قبول نہیں،ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک دہشتگردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔
پیر کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے شہدا کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعاکی۔وزیراعظم نے مقامی انتظامیہ کو لواحقین کے ساتھ مکمل تعاون اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔