لاہور : حضرت داتا گنج بخش کے سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات کا آ ج آخری روز ہے۔
ملک بھر سے لاکھوں زائرین کی عرس میں شرکت جاری ہے ۔ اس موقع پرلاہور میں آج مقامی چھٹی کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ لاکھوں عقیدت مندوں کی مزار پر حاضری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
عرس کے موقع پر کہیں ڈھول کی تھاپ پر دھمالیں ڈالی جا رہی ہیں تو کہیں رقص کیا جاتا ہے۔اس کے علاوہ دودھ کی سبیلوں اور لنگر کا بھی خاص اہتمام کیا جاتا ہے۔
حضرت داتا گنج بخش کےدربار پر فاتحہ خوانی اور چادروں کےچڑھانے کا سلسلہ بھی جاری و ساری ہے، عرس کی تقریبات کا اختتام دعا پر ہوتاہے۔
سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری کا کہنا ہے کہ آج آخری روز زائرین کی سیکورٹی ہماری اولین ترجیح ہے، ہاکستان سمیت دنیا بھر سے زائرین داتا دربار پر حاضری کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔
عرس کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ میٹل ڈی ٹیکٹرز اور واک تھرو گیٹس سے زائرین کو گزارا جا رہا ہےاس کے علاوہ پولیس کے ساتھ سادہ لباس اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔