کراچی:مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام نے کراچی کے علاقے گولیمار میں مذہبی ریلی پر شرپسند کارروائی کی پرزور مذمت کرتے ہوئے شہریوں سے شرپسند عناصر کا ایجنڈا ناکام بنانے کی اپیل کی ہے۔
کراچی میں گولیمار کی حدود میں فائرنگ کے واقعے پر مختلف مذہبی مکاتبِ فکر کے علماء کرام نے رد عمل دیا ہے اورقانون نافذ کرنے والے اداروں سےجلد از جلد غیر جانبدار انکوائری کی درخواست کی ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے گولیمار میں مذہبی جماعت کی ریلی گزرنے پر گروہی تصادم کا واقعہ پیش آیا تھا، کشیدگی کے دوران فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوئےاور 9 زخمی ہوگئے جبکہ مشتعل افراد نے کئی گاڑیوں کو بھی آگ لگادی۔
اس بارے میں مولانا اورنگزیب فاروقی نے کہا کہ یہ شرپسند عناصر کی جانب سے کراچی کے امن کو خراب کرنے کی سازش کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ کارکنان پر امن رہیں اور شرپسند عناصر کی بد امنی کی سازش کو ناکام بنائیں۔
سید نذیر عباس تقوی نے مذہبی اجتماع پر شرپسندوں کی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مکار دشمن کی جانب سے فرقہ واریت کو ہوا دینے کی کوشش کو ناکام بنائیں گے۔
مولانا تاج حنفی کا کہنا تھا کہ کراچی میں گولیمار کی حدود میں مذہبی مارچ پر شرپسندی کی مذمت کرتے ہیں۔مولانا سید شہنشاہ حسین نقوی نے کہا ہے کہ ہم شدت پسندی اور فرقہ واریت کی مذمت کرتے ہیں۔