قاہرہ :حماس نے مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں غزہ جنگ بندی مذاکرات میں پیش کی جانے والی نئی اسرائیلی شرائط کو مسترد کر دیا ہے، جنگ بندی مذاکرات کسی معاہدے کے بغیر ہی ختم ہوگئے۔
مصری سیکورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ حماس اور اسرائیل نے ثالثوں کی متعدد تجاویز پر اتفاق نہیں کیا۔ اس سے پہلے حماس نے غزہ جنگ بندی معاہدے کی اسرائیل کی نئی شرائط کو مسترد کردیا تھا اور کہا تھا کہ جولائی میں منظور کی جانے والی جنگ بندی تجاویز پر قائم ہیں۔
حماس کے مطابق جنگ بندی معاہدے فوری کرانے کی امریکا کی باتیں غلط اور انتخابی مقاصد کے لیے ہیں۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان امریکا کی غزہ جنگ بندی کی کوششیں جاری ہیں، ہم اب بھی قاہرہ میں معاہدے کے لیے کوششں کر رہے ہیں۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق حماس کا ایک وفد ثالثوں سے ملاقات اور مذاکرات کے تازہ ترین دور کے بارے میں اپ ڈیٹ حاصل کرنے کے بعد اتوار کو قاہرہ سے روانہ ہوا۔