پولیس کو دیگر مقدموں میں گرفتاری سے روکیں : عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست 

09:20 PM, 26 Aug, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے 9 مئی واقعہ سے متعلق مقدمات، جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیسز اور توشہ خانہ کی گھڑی کی فروخت کے لیے جعلی رسید بنانے کے مقدمات میں عدم پیروی پر متعلقہ عدالتوں سے ضمانت مسترد کرنے کے فیصلوں کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر ہونے والی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ان مقدمات میں پولیس کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو گرفتار کرنے سے روکا جائے۔

عمران خان نے بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ میں 9 درخواستیں دائر کی ہیں جن میں سرکار اور مدعی مقدمہ کو فریق بنایا گیا ہے۔ ان درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹس نے عدم پیروی پر پٹیشنر کی ضمانتیں خارج کیں۔

درخواستوں میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے ضمانت مسترد کرنے کے فیصلے کالعدم قرار دیے جائیں اور متعلقہ عدالتوں کو دوبارہ کیسز سن کر میرٹ پر فیصلہ کرنے کی ہدایات جاری کی جائیں۔

واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی سیشن کورٹ سے 6 اور انسداد دہشت گردی عدالت سے 3 ضمانتیں خارج ہوئی تھیں۔

مزیدخبریں