پشاور : پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز کے چیئرمین پرویز خٹک نے انکشاف کیا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل باجوہ نے عمران خان کا بہت ساتھ دیا۔ جنرل فیض اور جنرل باجوہ نے الیکشن کیلئے ماحول بنایا لیکن چیئرمین پی ٹی آئی نہیں مانے۔
چیئرمین پی ٹی آئی پی پرویز خٹک اور وائس چیئرمین محمود خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کے لیے 4 کیسز مسائل کھڑے کر سکتے ہیں ۔ ان میں توشہ خانہ، سائفر، منی لانڈرنگ اور 9 مئی شامل ہیں۔ پی ٹی آئی ایک مجرم پارٹی ثابت ہوسکتی ہے جس پر پابندی لگ سکتی ہے۔ عمران خان فوج کے خلاف انقلاب لانا چاہتے تھے لیکن ناکام ہوئے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ جنرل باجوہ نے عمران خان اور ہمیں کہا تھا کہ شہباز شریف لکھ کر دیں گے کہ اسمبلیاں توڑ رہے ہیں آپ دھرنا ختم کریں لیکن عمران خان نہیں مانے۔ جنرل باجوہ نے ہمارے بہت ساتھ دیا۔