اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت چاروں صوبوں میں فوج تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔وفاقی کابینہ نے فوج کی تعیناتی کی منظوری سرکولیشن سمری کے ذریعے دی۔
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان کا کہنا ہے کہ پاک افواج کو چاروں صوبوں کے سیلاب سے آفت زدہ علاقوں میں تعینات کیا جارہا ہے-حکومت پنجاب نے ڈیرہ غازی خان ضلع میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں پاک افواج تعینات کی ریکوزیشن کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا نے ڈیرہ اسماعیل خان ضلع میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں فوج تعینات کی ریکوزیشن کی ہے ۔ حکومت بلوچستان نےنصیر آباد،جھل مگسی، صحبت پور، جعفر آباد اورلسبیلہ اضلاع میں فوج کی تعیناتی کیلئے ریکوزییشن کی ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے سیلابی علاقوں میں صوبائی حکومت کی مدد کیلئے فوج تعینات کرنے کیلئے ریکوزیشن وزارت داخلہ بھیجی۔ وزارت داخلہ میں قائم کنٹرول روم سے سیلاب کی صورتحال کو مسلسل مانیٹر کیا جارہاہے-
انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑیں گے، انسانی زندگیاں بچانا اولین ترجیح ہے۔ وفاقی حکومت تمام صوبوں کو ضروری انسانی اور مالی وسائل فراہم کر رہی ہے۔