لاہور : سیلاب سے ہونے والے نقصان کے باعث پاکستان ریلوے نے پانچ دن کے لئے لاہور سے کراچی کے لئے ٹرین سروس معطل کردی ہے۔
وزیر ریلوے سعد رفیق نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ریلوے ٹریکس کو بھی شدید نقصان پہنچاہے جسکا ابتدائی تخمینہ 10 ارب سے ذیادہ ہے۔ ایم ایل-1 حیدرآباد سیکشن پر مسافر ٹرینوں کی آمدرفت بند کر رہے ہیں۔ مسافروں کی جان کی حفاظت ذیادہ ضروری ہے البتہ پشاور سے ملتان آپریشن جاری رہے گا۔
ڈی ایس ریلوے نے لاہور ریلوے اسٹیشن پر کراچی جانے والے مسافروں سے ملاقات کی ۔ ٹرینوں کے کینسل ہونے کے حوالے سے مسافروں سے معذرت کی اور ان کو ٹکٹ ری فنڈ کروانے کی درخواست کی ۔
ڈی ایس حنیف گل کا کہنا تھا کہ ٹریک کی صورت حال بہتر ہونے کے بعد جلد ہی سروس کو بحال کر دیا جائے گا ۔اس موقع پر ڈی ڈی لینڈ توصیف ظفر اور اسٹیشن مینیجر ظفر اقبال بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔