ہماری بات کیوں نہیں مانی؟ ترجمان پی ٹی آئی نے اسلام آباد اور پشاور ہائیکورٹ کو نشانے پر رکھ لیا 

04:37 PM, 26 Aug, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: ترجمان پاکستان تحریک انصاف فواد چودھری نے پی ٹی آئی کی بات نہ ماننے پر اسلام آباد اور پشاور ہائیکورٹ کو نشانے پر رکھ لیا ہے۔ 

فواد چودھری نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان میں عدالتی نظام حیران کن تفریق کا شکار ہے آج ہی کے فیصلے لیں ۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے نزدیک اداروں کیخلاف بیان اتنا سنگین معاملہ ہے کہ انھوں نے زیر حراست تشدد یعنی کسٹوڈیل ٹارچر جیسے سنگین الزام کو نظرانداز کر کے شہباز گل کو پولیس کے حوالے کرنے کا کہا۔

انہوں نے کہا کہ دوسری طرف پشاور ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ کے نزدیک حکومت کا پی ڈی ایم رہنماؤں کیخلاف انھیں الزامات پر مقدمہ درج کرنے کا حکم اتنا بے وقعت ہے کہ حکومت کو نوٹس کیے بغیر کابینہ کا فیصلہ معطل کر دیا گیا۔ ثابت یہ ہوتا ہے کہ ملک میں قانون جج صاحبان کا نام ہے، جج قانون کے ماتحت نہیں قانون ججز کے ماتحت ہے۔ 

مزیدخبریں