دریائے سوات میں اونچے درجے کا سیلاب، درجنوں مکان بہہ گئے

دریائے سوات میں اونچے درجے کا سیلاب، درجنوں مکان بہہ گئے

سوات: مون سون کی شدید بارشوں کے نہ رکنے والے سلسلے کے سبب دریائے سوات بپھر گیا اور بحرین کے مقام پر سیلابی ریلہ کئی عمارتیں بہا لے گیا جس کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق دریائے سوات میں اونچے درجے کے سیلاب کے نتیجے میں برساتی پانی گھروں اور کالام کی تاریخی مسجد میں داخل ہو گیا، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث سوات موٹروے کو دوبارہ بند کردیا گیا جبکہ مزید لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔


دوسری جانب بحرین اور مدین کے درمیان سڑک سیلابی ریلے میں بہہ گئی جس کے باعث مدین بحرین روڈ ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔ موٹروے پولیس کے مطابق سوات ایکسپریس وے لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے پلائی کے مقام پر جزوی طور پر بند ہے، اسلام آباد، پشاور سے آنے والے ٹریفک کو پلائی انٹرچینج سے گزارا جا رہا ہے۔


ترجمان کے مطابق سوات ایکسپریس وے پر سفر ناگزیر ہونے کے باعث اسے بند کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے اسلام آباد اور پشاور سے آنے والی ٹریفک کو موٹروے پولیس کی جانب سے پلائی انٹرچینج سے آؤٹ کیا جا رہا ہے جبکہ سوات سے آنے والی ٹریفک چکدرا کے مقام پر بند کر دی گئی ہے۔ 


ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے شاہراہ سے پتھروں اور دیگر رکاوٹوں کی صفائی کا کام شروع کر دیا گیا ہے جبکہ عوام سے درخواست ہے کہ موسمی حالات کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بچا جا سکے۔ 

مصنف کے بارے میں