کوئٹہ: صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم شدید خراب ہونے کے باعث کوئٹہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا آپریشن عارضی طور پر معطل ہے جس کی وجہ سے 12 پروازوں کی آمدورفت منسوخ کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی سے کوئٹہ جانے والی پرواز پی کے 310، کوئٹہ سے کراچی کی پرواز پی کے 311، لاہور سے کوئٹہ کی پرواز پی کے 322 اور کوئٹہ سے لاہور کی پرواز پی کے 323 خراب موسم کے باعث منسوخ کر دی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ ایئر عربیہ کی پرواز جی 9568 کوئٹہ میں موسم کی خرابی کی وجہ سے شارجہ سے روانہ نہ ہو سکی جس کے سبب کوئٹہ سے شارجہ جانے والی پرواز بھی منسوخ ہوگئی جبکہ اسلام آباد سے سرین ایئر کی پرواز ای آر 547 بھی روانہ نہ ہو سکی، دبئی سے فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 341 بھی کوئٹہ کیلئے روانہ نہیں ہو سکی۔
اسلام آباد سے کوئٹہ کیلئے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی پرواز پی کے 325 کی روانگی بھی غیر یقینی بتائی گئی ہے اور ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ سے گزشتہ روز آخری پرواز پی کے 326 سہ پہر 3 بج کر 7 منٹ پر اسلام آباد کیلئے روانہ ہوئی جس کے بعد سے کوئٹہ ایئرپورٹ پر پروازوں کی لینڈنگ اور ٹیک آف بند ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں شدید بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث کوئٹہ میں مواصلاتی نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے اور گزشتہ 8 گھنٹوں سے موبائل اور انٹرنیٹ سروسز معطل ہیں جبکہ ریلوے انفراسٹرکچر زیر آب آنے کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت بھی متاثر ہے۔