طوفانی بارشیں اور سیلاب، آج مزید 14 ٹرینیں معطل رہیں گی 

طوفانی بارشیں اور سیلاب، آج مزید 14 ٹرینیں معطل رہیں گی 

کراچی: سندھ میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث ریلوے تنصیبات زیر آب آنے سے آج مزید 14 ٹرینیں معطل رہیں گی۔ 
تفصیلات کے مطابق ترجمان ریلوے کے مطابق قراقرم، کراچی، تیزگام، پاکستان، عوام اور سکھر ایکسپریس کو معطل کردیا گیا ہے جبکہ ان ٹرینوں کے مسافروں کو دوسری گاڑیوں میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔ 
واضح رہے کہ سندھ اور بلوچستان میں حالیہ غیر معمولی بارشوں سے پاکستان ریلوے کا انفراسٹرکچر بھی بری طرح تباہ ہوا ہے اور انتظامی مشکلات، اور مسافروں کے حفاظتی نقطہ نظر سے گزشتہ روز بھی 10 ٹرینیں معطل کی گئی تھیں۔ 
پاکستان ریلوے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) فرخ تیمور غلزئی کا کہنا تھا کہ حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال سے سندھ اور بلوچستان میں ریلوے ٹریکس، یارڈز اور انفراسٹرکچر برے طریقے سے متاثر ہوئے ہیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے کی مرکزی ریلوے لائن پر روہڑی جنکشن سے آگے ٹنڈومستی خان اور گمبٹ سٹیشن کے درمیان اور محراب پور ریلوے سٹیشن سے لاکھا ریلوے سٹیشن کے درمیان ریلوے ٹریک برے طریقے سے متاثر ہوا۔ 
انہوں نے کہا کہ جیسے ہی بارشیں رکتی ہیں اور سیلابی پانی نکلتا ہے، ریلوے تنصیبات کی مرمت کی جائے گی جس کے بعد ٹرینوں کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا جبکہ جو مسافر ٹکٹوں کا فوری ری فنڈ چاہتے ہیں، ہم انہیں دینے کیلئے تیار ہیں۔ 

مصنف کے بارے میں