لاہور: جہانگیر ترین گروپ کے ایک اور ایم پی اے کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمہ ایم پی اے خرم لغاری کے خلاف خاتون کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ خاتون نے ایف آئی آر میں ہراساں کرنے اور زبردستی ناجائز تعلق رکھنے سمیت دیگر الزامات لگائے ہیں۔
تحریک انصاف جہانگیر ترین گروپ کے ایم پی اے خرم لغاری کے خلاف تھانہ ڈیفنس اے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایم پی خرم لغاری پر خاتون کو ہراساں اور بلیک میل کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
مقدمہ نمبر 777/21 خاتون آمنہ یعقوب کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمہ گھر میں گھسنے، ہوائی فائرنگ اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
مقدمے کی مدعیہ آمنہ یعقوب نے ایف آئی آر میں موقف اختیار کیا ہے کہ ایم پی اے خود کو کنوارہ ظاہر کر کے ناجائز تعلقات پر مجبور کرتا رہا۔ ایک سال سے چھپ چھپ کر ملنے پر مجبور کرتا رہا۔ خرم لغاری نے زبردستی نکاح نامے پر بھی دستخط کروا رکھے ہیں۔
متاثرہ خاتون نے ایف آئی آر میں مزید موقف اختیار کیا ہے کہ وہ ایم پی اے کی اس حرکت کے بارے میں اس کے باپ کو بھی شکایت کر چکی ہے۔ ان کے کہنے پر ہی میں نے خرم لغاری کیخلاف مقدمہ درج کرایا ہے۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ باپ کو شکایت کرنے پر ایم پی اے خرم لغاری نے گھر میں گھس کر فائرنگ کر دی اور مجھے جان سے مارنے کی دھمکی دی ہے۔