کابل : افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ائیرپورٹ کے قریب یکے بعد دیگرے دو زور دار دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔
برطانوی میڈیا نے طالبان ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ دھماکے کے نتیجے میں 10امریکی فوجیوں سمیت 60 افراد ہلاک اور 140 زخمی ہوئے ہیں، مرنے والو ں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں جب کہ دھماکے میں طالبان محافظ بھی زخمی ہوئے ہیں۔
امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے ترجمان جان کربی نے دھماکوں کی تصدیق کرتے ہوئے متعدد امریکی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
دوسری جانب برطانوی میڈیا کا امریکی میڈیا کے حوالے سے کہنا ہے کہ دھماکوں میں 10 امریکی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔
اس سے قبل ٹوئٹر پر اپنے بیان میں جان کربی کا کہنا تھا کہ کابل ائیرپورٹ کے باہر ’ایبےگیٹ‘ پر دھماکاہوا ہے، دھماکے سے متاثر ہونے والوں میں امریکی اور افغان شہری شامل ہیں۔ جان کربی نے بیرن ہوٹل کے قریب ایک اور دھماکے کی بھی تصدیق کی ہے۔