اسلام آباد: امریکی اور اتحادی افواج نے 31 اگست تک افغانستان سے حتمی انخلا کے لیے پاکستان سے مدد کی درخواست کردی۔
حکومت پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ طالبان سے جنگ کے دوران امریکی اور اتحادی افواج کی معاونت کرنے والے تین سے چار ہزار افراد کو کراچی لایا جائے گا۔ انہیں پاکستان کا ویزا دیا جائے گا اور امریکا منتقلی سے پہلے ایک ماہ تک کراچی میں رکھا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ ان افغانیوں کی رہائش کا بندوبست سندھ حکومت کرے گی ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کابل سے غیر ملکیوں کو لے کر اڑان بھرنے والی متعدد پروازیں کل سے کراچی میں لینڈ کرنا شروع کردیں گی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان سے افغانستان سے انخلا میں مدد کی درخواست امریکی فوج اور نیٹو نے کی ہے۔
افغانستا ن میں امریکی انخلا میں مدد کے لیے پاکستان میں اعلیٰ سطح کا اجلاس راولپنڈی میں ہوا جس میں وزارت خارجہ حکام اور ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے شرکت کی۔اس کے علاوہ انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے ایک اہم اجلاس کراچی میں بھی ہوا۔
سی اے اے ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان سے امریکی مدد گاروں کو نکالنے والی 5 ابتدائی پروازیں کراچی میں اتریں گی۔ اسلام آباد میں رش کے باعث انخلا میں مصروف طیاروں کو کراچی میں اتارنے کا فیصلہ ہوا اور مجاز اتھارٹی سے منظوری کے بعد طیاروں کا کل کراچی میں لینڈ کرنے کا امکان ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ کراچی لائے گے افراد کو جناح ٹرمینل سے باہر لا کر بسوں کے ذریعے سندھ حکومت کے مقرر کردہ مقام پر پہنچایا جائے گا۔ ایوی ایشن ذرائع نے بتایا کہ افغانستان سے آنے والی پروازیں ملتان، فیصل آباد اور پشاور بھی لائی جائیں گی جبکہ لاہور میں یہ سہولت فراہم کرنے سے معذرت کر لی گئی ہے۔