اسلام آباد: افغانستان میں طالبان کے کنٹرول کے بعد پاکستان غیر ملکیوں کے انخلاءمیں سب سے آگے ہے جس نے اب تک 30 سے زائد ممالک کے ایک ہزار 335 افراد کو اسلام آباد پہنچایا جس پر مختلف ممالک کی جانب سے پاکستان کا شکریہ ادا بھی کیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان نے15 سے 24 اگست کے دوران کابل سے 24 پروازوں کے ذریعے ایک ہزار 335 غیر ملکی مسافروں کو کابل سے نکال کر اسلام آباد پہنچایا۔ ان افراد میں ڈنمارک کے 43، کینیڈا کے 14، ہالینڈ کے 40، بیلجیم کے 15، ترکی کے 42، برطانیہ کے 2 اور امریکہ کے 11 شہری شامل ہیں۔
پاکستان نے افغانستان سے غیر ملکی افراد کے انخلاءکے دوران اقوام متحدہ کے تین اہلکاروں کو بھی کابل سے نکالا جبکہ مجموعی طور پر بلغاریہ، فرانس، جرمنی، یونان، انڈونیشیا، اٹلی، جاپان، فلپائن اور جنوبی افریقہ سمیت 30 سے زائد ممالک کے شہریوں کو پاکستان نے افغانستان سے نکلنے میں مدد کی۔
ذرائع کے مطابق افغانستان سے انخلاءکے آپریشن کے دوران پاکستان پہنچنے والے غیر ملکیوں میں 874 افغان شہری بھی شامل ہیں جبکہ اسلام آباد سے کابل جانے والی پروازوں کے ذریعے 521 مسافر افغانستان بھی گئے، غیر ملکی شہریوں کے محفوظ انخلا پر مختلف ممالک نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کا شکریہ ادا بھی کیا۔
پاکستان نے 30 سے زائد ممالک کے ایک ہزار 335 افراد کو افغانستان سے نکالا
01:18 PM, 26 Aug, 2021