امریکہ، آسٹریلیا اور برطانیہ کا اپنے شہریوں کو کابل ائیرپورٹ سے چلنے جانے کی ہدایت

امریکہ، آسٹریلیا اور برطانیہ کا اپنے شہریوں کو کابل ائیرپورٹ سے چلنے جانے کی ہدایت
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: امریکہ، آسٹریلیا اور برطانیہ نے اپنے شہریوں کو فوری طور پر کابل ائیرپورٹ سے چلے جانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حامد کرزئی ائیرپورٹ پر دہشت گرد حملے کا شدید خدشہ ہے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی حکام نے اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ جو بھی کابل ایئر پورٹ کے علاقے میں ہے، وہ فوراً وہاں سے نکل کر کسی محفوظ مقام پر چلا جائے اور اگر کسی اور ذرائع سے افغانستان سے نکلنا ممکن ہے تو فوری طور پر نکل جائیں۔
دوسری جانب کابل سے غیر ملکیوں کا انخلا جاری ہے اور 10 ہزار افراد تاحال افغانستان سے نکلنے کے منتظر ہیں جبکہ امریکی فوجیوں کے دستے بھی کابل سے نکلنا شروع ہو گئے ہیں، پینٹاگون کے ترجمان کا کہنا ہے کہ امریکی فوج کے انخلاءکے بعد امریکہ کابل ائیرپورٹ کا ذمہ دار نہیں ہو گا۔ 
واضح رہے کہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلاءکی آخری تاریخ 31 اگست ہے تاہم اس تاریخ میں توسیع کی خبریں بھی گردش کر رہی تھیں مگر طالبان نے امریکہ اور اس کے اتحادیوں پر واضح کیا تھا کہ غیر ملکی افواج انخلاءکی تاریخ میں توسیع نہیں کی جائے گی جس کے بعد امریکی صدر نے بھی انخلاءکی تاریخ میں توسیع نہ کرنے کا اعلان کیا۔