افغان امن عمل میں کردار ادا کرنے پر پاکستان کے مشکور ہیں، عبد اللہ عبد اللہ

07:00 PM, 26 Aug, 2020

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے افغان قومی مفاہمتی کونسل کے سربراہ عبد اللہ عبد اللہ کو ٹیلیفون کیا، عبد اللہ عبد اللہ نے امن عمل میں کردار ادا کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

افغان قومی مفاہمتی کونسل کے سربراہ عبد اللہ عبد اللہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اپنے بیان میں بتایا کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، رہنماوں کے درمیان پاک افغان تعلقات کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ٹویٹر پر انہوں نے مزید لکھا کہ دونوں رہنماؤں نے تشدد کو کم کرنے اور انٹرا افغان مذاکرات جلد شروع کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

عبد اللہ عبد اللہ نے ٹویٹر پر لکھا کہ دورہ پاکستان کی دعوت دینے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور جلد پاکستان کا دورہ کروں گا۔

پاکستان کی طرف سے جاری کیے گئے اعلامیہ کے مطابق ٹیلیفونک رابطے کے دوران وزیراعظم عمران خان نے پاک افغانستان دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا کہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات مذہب، ثقافت، مشترکہ تاریخ اور لوگوں کے مابین برادرانہ تعلقات پر مبنی ہیں، افغانستان میں تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں ہے، بات چیت اور سیاسی تصفیہ ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ افغان امن عمل میں پاکستان کی مثبت کا کردار مثبت ہے، افغان رہنماؤں کو پائیدار امن، سلامتی اور خوشحالی کے لئے سیاسی تصفیے کے تاریخی موقع سے فائدہ اٹھانا ہوگا، پاکستان جلد از جلد انٹرا افغان مذاکرات کے آغاز کا منتظر ہے۔

عمران خان نے ڈاکٹر عبد اللہ عبد اللہ کے لیے بطور قومی مفاہمتی کونسل کے چیئرمین نیک خواہشات کا اظہار کیا امید ہے کہ کونسل کامیابی کے ساتھ اپنے مقاصد کو حاصل کرے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز افغان طالبان کے رہنماؤں نے وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے وزارت خارجہ میں ملاقات کی تھی۔

مزیدخبریں