عمران خان کو ہٹلر نہیں بننے دیں گے، احسن اقبال

  عمران خان کو ہٹلر نہیں بننے دیں گے، احسن اقبال

اسلام آباد:مسلم لیگ( ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی نفرت قومی اداروں کی طرف بھی جا رہی ہے اور ہم ان کو ہٹلر نہیں بننے دیں گے،فوج اور عسکری اداروں کا حکومت کی انتقامی کارروائیوں سے کوئی تعلق نہیں ۔

عدالت میں پیشی کے بعد  صحافیوں  سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فوج کسی ایک جماعت کی نہیں پورے پاکستان کی پراپرٹی ہے، مجھے یقین ہے فوج اور عسکری اداروں کا حکومت کی انتقامی کارروائیوں سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں  نے کہا کہ پی ٹی آئی کا حکومت میں آنے کا تجربہ ناکام ہوا۔انہوں نے کہا کہ سینیٹ اجلاس میں اپوزیشن نے ایف اے ٹی ایف کو شکست نہیں دی، اپوزیشن نے حکومت کی اس کوشش کو شکست دی جو نظام بلڈوز کر کے مرضی کے قوانین نافذ کرنا چاہتی تھی، حکومت چاہتی تھی کہ ان قوانین کے ذریعے نیب کا پردادا ان کے ہاتھ آجائے، ہم ایف اے ٹی ایف کے نام پر ایک فاشسٹ ریاست نہیں بننے دیں گے، ہم عمران خان کو ہٹلر نہیں بننے دیں گے ، خلوص نیت سے فیٹیف قانون سازی حکومت کیساتھ مل کر اتفاق کیا، حکومت آخری وقت پر قانون سازی پر پیچھے ہٹ گئی۔ 

نارووال سپورٹ سٹی کمپلیکس کیس کے متعلق بات کرتے ہوئے ا نہوں نے کہا  کہ ایک سال ہو گیا لیکن نیب ریفرنس میرے خلاف دائر نہیں کر سکا۔ حیلے بہانے کر کے نیب ہر بار نئی تاریخ لے لیتا ہے،سپریم کورٹ میں نیب کا موقف ہے کہ احتساب عدالتیں فیصلے نہیں کرتیں اس لیے تاخیر ہو رہی ہے، نیب کو جھوٹ گھڑنے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے۔ن لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ نوجوانوں کو عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کرنے کاجرم بار بار کروں گا، کیا شراب کا پرمٹ دینا ٹھیک اور کھیلوں کامیدان بنانا کرپشن ہے،جو وزیراعظم خود کو ورلڈ کپ جیتنے والا کپتان کہتا ہے اس نے کھیلوں کا انفراسٹرکچر بنانے کو کرپشن قرار دیا۔

انہوں  نے کہا کہ آج مسلم لیگ (ن) کو پاکستان بنانے کی سزا مل رہی ہے۔ ہمارے خلاف ملکی ترقی کرنے کیخلاف ریفرنس بنانے گئے۔ وزیر مواصلات بتائے کہ ڈیڑھ سال قبل بنانے والی جے آئی ٹی کہاں گئی؟۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن عمران خان سے کوئی این آر او نہیں مانگ رہی۔ کرپشن کی بڑی پروٹیکشن عمران خان کی حکومت کر رہی ہے اور حکومتی وزیر بڑے بڑے ٹھیکے لے رہے ہیں۔

انہوں  نے کہا کہ حکومت کا صرف ایک ایجنڈا ہے کہ مخالفین کی کردار کشی کرو، اپوزیشن عمران خان سے کوئی این آر او نہیں مانگ رہی۔انہوں نے مزید کہا کہ جہانگیر ترین کو رات کی تاریکی میں فرار کرایا گیا تھا تو آپ نے انہیں این آر او دے دیا تھا۔انہوں نے کہا  کہ وزیرِ صحت کو دوائی اسکینڈل میں ہٹا دیا لیکن پارٹی کا عہدہ دیا تو آپ نے این آر او دیا، عمران نیازی نے چینی اور شوگر مافیا کو این آر او دے دیا۔