راولپنڈی:آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں بارش کے بعد سیلابی صورتحال سے متعدد علاقے متاثر ہوئے،پاک فوج اور رینجرز کی70ٹیمیں ریلیف اورریسکیو کے کاموں میں مصروف ہیں۔
متاثرہ افراد میں خوراک اور دیگر اشیاءپہنچائی جارہی ہیں۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کراچی میں سیلابی صورتحال سے متعدد علاقے متاثر ہوئے ہیں،شدید بارش سے لٹ اور ٹھڈوڈیم میں گنجائش سے زیادہ پانی موجود ہے جبکہ کراچی کی ملیر ندی میں پانی کابہاؤبھی تیز ہوگیا ہے۔پاک فوج اور رینجرز کی70ٹیمیں ریلیف اور ریسکیو کاموں میں مصروف ہیں۔قائد آباد کے متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے۔
آرمی انجینئرز ایم9 شاہراہ پر کاموں میں مصروف ہیں،بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آرمی کی تین ٹیمیں سعدی ٹاؤن،ملیرکینٹ اور کے الیکٹرک کے گرڈ اسٹیشن پر بھی تعینات ہیں،متاثرہ افراد میں خوراک اور دیگر اشیاءتقسیم کی گئی ہیں جبکہ ریسکیو ٹیمیں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہیں۔
آرمی انجینئرز نے ایم9 شاہراہ کو بچانے کیلئے200میٹر لمبا اور4فٹ او نچا بند تعمیر کیا ہے،یہ بند پانی کو مناسب طریقے سے ریگولیٹ کرنے کے لئے تعمیر کیا گیا ہے۔کے الیکٹرک گرڈ اسٹیشن کو بچانے کے لئے آرمی کی 3 ٹیمیں مہران ڈرین پر بھی تعینات ہیں۔