اسلام آباد: بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعظم عمران خان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے ٹرمپ سے مل کر کشمیر پر سودے بازی کی، ان کیساتھ ہر محاذ پر لڑیں گے، ان کا ہر نعرہ دھوکا اور ہر وعدہ جھوٹا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ڈاکٹرز کی تجویز نہ مان کر آصف زرداری کو قتل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ کٹھ پتلی کے دباؤ کی وجہ سے اصولوں سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ اگرخدانخواستہ انھیں کچھ ہوا تو یہی نامزد لوگ قصوروار ہونگے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ملک میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ یہ سب کچھ ایک تماشا ہے۔ عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا گیا ۔ غریب عوام کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے، ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان نے چادر اور چار دیواری کو پامال کر دیا ہے، وہ ایسا کرکے مخالفین کو توڑ نہیں سکتے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آصف زرداری اور نواز شریف کو جیل میں بند کر دیا کیا اب پاکستان سے کرپشن ختم ہو گئی ہے؟