قائداعظم ٹرافی کے میچز بغیر ٹاس کے شروع ہونگے

قائداعظم ٹرافی کے میچز بغیر ٹاس کے شروع ہونگے
کیپشن: image by Cricinfo

لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ کا فرسٹ کلاس کرکٹ میں بھی میچز بغیر ٹاس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، قائداعظم ٹرافی کے دوران میچز میں مہمان ٹیم پہلے بائولنگ کرے گی ۔پی سی بی ستمبر کے دوسرے ہفتے میں قائد اعظم ٹرافی شروع کرنے کی تیاری کر رہا ہے.

فرسٹ کلاس میچز میں اگر مہمان ٹیم کو پچ سے شکایت ہے اور وہ اپنے مضبوط بولنگ اٹیک سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے تو وہ نو ٹاس کا آپشن استعمال کر سکتا ہے ، نئے سسٹم کے تحت چھ صوبائی ٹیموں کے درمیان ٹورنامنٹ ہوم اینڈ اوے کی بنیاد پر کرایا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے نظام سے ٹاس کا کردار ختم ہو جائے گا ، یہ ایڈوانٹیج وزٹنگ ٹیم کو ہوگا تاہم ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میچ روایتی انداز میں ٹاس کے ساتھ ہی ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر دورہ کرنےوالی ٹیم چاہے گی تو اسکے پاس آپشن ہوگا کہ وہ پہلے بولنگ کرسکتی ہے تاہم اگر دونوں ٹیمیں پہلے بیٹنگ کرنا چاہیں گی تو پھر ٹاس کا آپشن استعمال ہوگا۔عام طور پر کرکٹ میچ کا آغاز ٹاس سے ہوتا ہے، میچ شروع ہونے سے تیس منٹ قبل ٹاس ہوتا ہے اور ٹاس جیتنے والی ٹیم پہلے بیٹنگ یا بولنگ کا فیصلہ کرتی ہے۔پی سی بی نئے فرسٹ کلاس سیزن کو پرکشش بنانے کیلئے کئی تجربات کر رہی ہے۔

نو ٹاس کا فیصلہ سب سے منفرد اور اہم ہوگا ، 2016 ءمیں انگلینڈ کے کاﺅنٹی میچوں میں ٹاس میں سکے کا استعمال ختم کر دیا گیا تھا ، انگلش بورڈ یہ تجربہ ٹیسٹ میچوں میں بھی کرنا چاہتا تھا لیکن اسے آئی سی سی میٹنگ میں اس تجویز پر حمایت نہ مل سکی۔

ملکی فرسٹ کلاس سیزن کئی سالوں سے مسائل اور مشکلات کی زد میں رہا ہے لیکن پی سی بی نے وزیر اعظم عمران خان کی مشاورت سے نئے سسٹم کو متعارف کرایا ہے۔