لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے پنجاب میں انسداد پولیو مہم بھرپور طریقے سے چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انسداد پولیو کے لیے کیے جانے والے اقدامات میں غفلت برداشت نہیں ہو گی ۔ پولیو کے خلاف جنگ ہر صورت جیتنی ہے اور جہاں کوتاہی نظر آئی وہاں پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔
اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے فیلڈ میں موجود انسدادِ پولیو ٹیموں کی مؤثر مانیٹرنگ کی ہدایت کی اور کہا کہ انسداد پولیو مہم کیلئے وضع کردہ پلان پر 100 فیصد عملدر آمد یقینی بنایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں انسدادِ پولیو کیلئے مربوط انداز میں مؤثر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ یہ ہمارا قومی مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔
عثمان بزدارنے کہا کہ ہم اپنے بچوں کو پولیو کے موذی مرض سے ہر صورت بچائیں گے۔ انہوں نے والدین سے بھی کہا کہ وہ اپنے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے لازمی پلائیں۔