جلال آباد، پاکستانی قونصل خانے کے باہر دھماکا، 3 افراد زخمی

09:06 AM, 26 Aug, 2019

کابل: افغانستان کے شہر جلال آباد میں قائم پاکستان کے قونصل خانے کے باہر دھماکے میں ایک پولیس اہلکار سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے۔ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ ‘جلال آباد میں ہمارے قونصل خانے کے باہر آئی ای ڈی دھماکا ہوا’۔

قونصل خانے میں موجود پاکستانیوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ‘پاکستانی عملے کے تمام ارکان محفوظ ہیں’۔ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ ‘اطلاعات ہیں کہ دھماکے میں ایک پولیس اہلکار اور 2 درخواست گزار زخمی ہوئے ہیں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘قونصل خانے کے اطراف اور عملے کی سیکیورٹی کے اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے ہم افغان حکام سے رابطے میں ہیں’۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکا اس مقام پر ہوا جہاں لوگ ویزے کے حصول کے لیے قطار میں کھڑے تھے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال 30 اگست 2018 میں افغانستان میں پاکستانی سفارتخانے نے سیکیورٹی انتظامات پر مداخلت پر جلال آباد کا قونصل خانہ عارضی طور پر بند کر دیا تھا۔

مزیدخبریں