کیپ ٹاؤن: ورلڈ الیون کے ہمراہ آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرنے کے لیے منتخب ہونے والے جنوبی افریقی ٹیم کے مایہ ناز بلے باز ہاشم آملہ نے پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کو پر جوش گردانتے ہوئے پاکستانی ٹیم کو اس طرز کی بہترین ٹیم قرار دے دیا ہے۔ایک انٹرویو میں ہاشم آملہ کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی میں مدد کرنے پر بے حد خوش ہیں۔انھوں نے کہا کہ ورلڈ الیون کا حصہ بننے والے کھلاڑی پاکستانی میدانوں میں مداحوں کے سامنے بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے پر جوش ہیں۔ہاشم آملہ نے پاکستانی ٹیم کو مشکل حریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ گرین شرٹس کرکٹ کے ٹی ٹوئنٹی طرز کی سب سے بہترین ٹیم ہے، اور حال ہی میں چیمپیئنز ٹرافی بھی اپنے نام کی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں کرکٹ کی ثقافت سے لطف اندوز ہونے کے لیے بے حد خوش ہیں۔پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے مستقبل کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ انہیں ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان سے بے حد خوشی ہے اور خیال ہے کہ ایک مرتبہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کھیلنے کا قدم اٹھا لیا گیا تو اس سے دنیائے کرکٹ کی تمام ٹیمیں اثر لیں گے۔تین میچوں کی سیریز کے شیڈول کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ لگاتار تین یا چار دن کے دوران 3 ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کا یہ دورہ انتہائی مشکل ہوگا۔خیال رہے کہ دنیائے کرکٹ کے 7 مختلف ممالک کے بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم ورلڈ الیون آئندہ ماہ ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی جہاں 3 بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔سیریز کے تمام میچ ممکنہ طور پر 12، 13 اور 15 ستمبر کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
ورلڈ الیون ٹیم کی قیادت جنوبی افریقہ کے فاف ڈیوپلیسی کریں گے جبکہ جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ، مورنی مورکل، عمران طاہر، ڈیورڈ ملر بھی ورلڈ الیون اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔آسٹریلیا کے جارج بیلی، بین کٹنگ، ٹم پین بھی پاکستان آنے والی ورلڈ الیون میں شامل ہوں گے جبکہ ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ڈیرن سیمی، انگلینڈ کے سابق کپتان پال کولنگ ووڈ، بنگلہ دیشی اوپنر تمیم اقبال، سری لنکن آل رانڈر تھیسارا پریرا اور نیوزی لینڈ کے گرانٹ ایلیٹ بھی ورلڈ الیون کا حصہ ہوں گے۔کرکٹ کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اینڈی فلاور کو ورلڈ الیون ٹیم کا کوچ اور منیجر مقرر کیا ہے۔ورلڈ الیون سے 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا بھی اعلان کردیا گیا ہے جس کی قیادت سرفراز احمد کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فخرزمان، احمد شہزاد، بابراعظم، شعیب ملک، عمر امین، عامر یامین، محمد نواز، عماد وسیم، شاداب خان، سہیل خان، محمد عامر، فہیم اشرف، حسن علی، عثمان شنواری اور رومان رئیس شامل ہیں.