لاہور: جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے واضح کیا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کی گیڈر بھبکیوں سے پاکستانی قوم ڈرنے والی نہیں۔ شہادتوں کی متمنی قوم کو ڈرایا نہیں جاسکتا۔ ہم متحد اور متفق ہیں کہ ملک کی عزت ہے تو سب کچھ ہے۔ اب امریکی غلامی سے نجات حاصل کرنے کے اعلا ن کا وقت آگیا ہے۔ تاکہ حقیقی آزادی کا تصور اجاگر کیا جاسکے۔
میڈیا سے گفتگو میں پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ امریکی صدر کی افغان پالیسی بھارت کو علاقے میں چودھری بنانے کا اعلان اور پاکستان کو دبانے کی بھیانک سازش ہے۔ جس کا مقابلہ کرنے کے لئے قوم متحد ہے۔ حکمرانوں کو بھی غیر ت اور حمیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکہ سے تعلقات پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔ دنیا بھر میں امریکہ نے دہشت گردی پھیلائی اور اب افغانستان میں پھنسنے کا الزام بھی پاکستان پر لگا رہا ہے۔ اس سے واضح ہوگیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنی شکست کو تسلیم کرچکے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ پاکستانی حکمرانوں کو عوام کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے خارجہ پالیسی پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے تصورات کے مطابق پاکستان کا حصول غیرت مند قوم کے لئے آزادی کا پیغام تھا۔ امریکی غلامی چھوڑ کر ملک کو خود مختاری کی طرف لایا جائے، پاکستان کسی ملک کی غلامی کے لئے نہیں بنایا گیا تھا۔
پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ چیف آف آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی امداد ٹھکرانے کا بیان دے کر قوم کے دل جیت لئے ہیں۔وزارت خارجہ اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کو قوم میں پائی جانے والی تشویش کو دور کرنے کے لئے اقدامات تجویز کرنے چاہیں۔